
مکہ مکرمہ:خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مظلوم فلسطینی قوم کے شہداء، قیدیوں (اسیران) اور زخمیوں کے اہل خانہ میں سے 1000 مرد و خواتین کو رواں سال 1446 ہجری کے حج کے لیے اپنی ذاتی خرچ پر مکہ مکرمہ بلانےاور ان کے حج کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ یہ اقدام “خادم الحرمین الشریفین کا حج، عمرہ اور زیارت پروگرام” کا حصہ جسے سعودی وزارتِ مذہبی امور اور دعوت و ارشاد عملی جامہ پہناتی ہے۔
اس پرمسرت موقع پر وزیرِ امورِ اسلامی ،دعوت و ارشاد اور پروگرام کے نگران اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے شاہ سلمان اور ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام سعودی قیادت کی فلسطینی عوام کے ساتھ بے لوث محبت، مسلسل ہمدردی اور اسلامی اخوت کے جذبے کی روشن مثال ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کے لیے حج کے سفر کو آسان بنانے کی یہ میزبانی سعودی قیادت کی دیرینہ ترجیحات کا تسلسل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی شاہی فرمان جاری ہوا، وزارت داخلہ نے ایک مربوط عملی منصوبہ ترتیب دیا، جس کے تحت ان فلسطینی مہمانوں کی روانگی، قیام اور واپسی تک ہر ممکن سہولت اور خدمت فراہم کی جائے گی۔ یہ خدمات مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں قیام کے دوران ایک منظم نظام کے تحت مہیا کی جائیں گی۔
آل الشیخ نے بتایا کہ یہ پروگرام 1417 ہجری سے شروع ہوا تھا اور اب تک دنیا بھر سے 64 ہزار سے زائد مسلمانوں کو حج کا شرف حاصل کروا چکا ہے، جو کہ مملکتِ سعودی عرب کی اسلامی دنیا کی خدمت اور مسلمانوں کے دلوں میں اپنی خصوصی مقام کو مضبوط کرنے کی مسلسل کاوشوں کا مظہر ہے۔