
نئی دہلی(ایجنسیاں)سیاہ کشمش کو قدرت کا عطیہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ یہ ایک ایسا خشک میوہ ہے جو نہ صرف غذائیت سے بھرپور ہے بلکہ صحت کے بے شمار فوائد بھی اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے۔ وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس سے مالا مال یہ خشک میوہ خاص طور پر قدرتی شکر، جیسے گلوکوز اور فریکٹوز سے بھرپور ہوتا ہے، جو فوری توانائی فراہم کرتی ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اگر کالے کشمش کو رات بھر پانی میں بھگو کر رکھا جائے اور صبح نہار منہ استعمال کیا جائے تو اس کے فوائد کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔ “ٹائمز آف انڈیا” میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق، بھیگا ہوا کالا کشمش صحت کے درج ذیل چھ پہلوؤں کو بہتر بنانے میں مددگار ہے۔
سیاہ کشمش میں اینٹی آکسیڈنٹس کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے، جیسے پولی فینولز، فلیوونوئڈز اور فینولک ایسڈ۔ یہ مرکبات جسم میں موجود مضر فری ریڈیکلز کو بے اثر کرتے ہیں، جس سے آکسیڈیٹیو اسٹریس اور سوزش میں کمی آتی ہے۔ یوں دل کی بیماریوں اور کینسر جیسے امراض کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔
فلیوونوئڈز جیسے کیورسیٹن اور کیٹیچن دل کے لیے نہایت مفید سمجھے جاتے ہیں۔ یہ دوران خون کو بہتر بناتے ہیں، سوزش کم کرتے ہیں، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو کنٹرول میں رکھتے ہیں، جس سے ہارٹ اٹیک اور فالج کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔
کالے کشمش میں موجود فائبر ہاضمے کے عمل کو بہتر کرتا ہے اور آنتوں کی حرکت کو باقاعدہ بناتا ہے۔ اس سے قبض کا مسئلہ دور ہوتا ہے اور آنتوں میں مفید بیکٹیریا کی افزائش ہوتی ہے۔ اس میں موجود قدرتی شکر نہ صرف فوری توانائی فراہم کرتی ہے بلکہ معدے کی بے چینی میں بھی آرام دیتی ہے۔
کالے کشمش میں کیلشیم کی وافر مقدار ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں مدد دیتی ہے۔ اسے روزانہ بھگو کر کھانے سے آسٹیوپوروسس (ہڈیوں کے بھربھرا پن) جیسے امراض سے بچاؤ ممکن ہے، خاص طور پر بڑی عمر کے افراد کے لیے یہ نہایت مفید ہے۔
یہ خشک میوہ آئرن کا بہترین ذریعہ ہے جو خون میں سرخ خلیات بنانے اور جسم کے مختلف حصوں تک آکسیجن پہنچانے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ آئرن کی کمی سے پیدا ہونے والی کمزوری، تھکن اور خون کی کمی (انیمیا) میں بھی بھیگا ہوا کشمش فائدہ مند ہے۔
وٹامن سی، بی 6 اور زنک جیسے اہم غذائی اجزا پر مشتمل کالا کشمش مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے۔ اس سے بیماریوں سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے اور جسم موسمی اثرات سے لڑنے کے قابل ہو جاتا ہے۔