
نئی دہلی : کرکٹر وراٹ کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ سے باضابطہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ کوہلی نے پیر، 12 مئی 2025 کو صبح 11 بج کر 43 منٹ پر سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی اطلاع دی۔
وراٹ کوہلی نے ٹیسٹ جرسی میں اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی بار بیگی بلیو جرسی پہنے ہوئے 14 سال گزر چکے ہیں۔ سچ کہوں تو میں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ یہ فارمیٹ مجھے کس سفر پر لے جائے گا۔ اس نے میری آزمائش کی، مجھے تراشا، اور مجھے وہ اسباق سکھائے جنہیں میں زندگی بھر ساتھ رکھوں گا۔ کوہلی نے آگے لکھا: سفید جرسی میں کھیلنا ایک بہت ہی ذاتی تجربہ ہے۔
خاموش محنت، طویل دن، وہ چھوٹے چھوٹے لمحات جنہیں کوئی نہیں دیکھتا لیکن جو ہمیشہ آپ کے ساتھ رہتے ہیں۔ جب میں اس فارمیٹ سے دور جا رہا ہوں، تو یہ آسان نہیں ہے، لیکن یہ درست محسوس ہو رہا ہے۔ میں نے اس میں اپنا سب کچھ دے دیا ہے اور اس نے مجھے میری امید سے کہیں زیادہ دیا ہے۔ میں کھیل کے لیے، میدان پر کھیلنے والوں کے لیے اور ہر اُس شخص کے لیے شکر گزار دل کے ساتھ جا رہا ہوں جس نے اس سفر میں میرا ساتھ دیا۔ میں ہمیشہ اپنے ٹیسٹ کیریئر کو مسکراہٹ کے ساتھ یاد رکھوں گا۔
ویرات کوہلی نے 20 جون 2011 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ ڈیبیو ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انہوں نے 4 اور دوسری اننگز میں 15 رنز بنائے تھے۔ آسٹریلیا کے خلاف بارڈر-گاوسکر ٹرافی 2024-25 کا پانچواں ٹیسٹ کوہلی کا آخری ٹیسٹ ثابت ہوا۔ 3 جنوری سے 5 جنوری تک کھیلے گئے اس میچ کی پہلی اننگز میں کوہلی نے 17 اور آخری اننگز میں 6 رنز بنائے۔
اپنے 14 سالہ ٹیسٹ کیریئر میں ویرات کوہلی نے 123 میچوں کی 210 اننگز میں مجموعی طور پر 9230 رنز بنائے۔ ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور 254 رنز رہا جو انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف بنایا تھا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں کوہلی نے 31 نصف سنچریاں اور 30 سنچریاں اسکور کیں۔