
ولینگٹن:نیوزی لینڈ کے معروف کرکٹر ڈیرل مچل نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے لیے امن کی دعا کی ہے۔ مچل اس وقت متحدہ عرب امارات اور نیوزی لینڈ کے درمیان سفر میں ہیں اور دورانِ پرواز سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ڈیرل مچل نے لکھا کہ گزشتہ چند دنوں میں دو ایسے ممالک کے درمیان کشیدگی دیکھنا انتہائی تکلیف دہ رہا ہے جو میرے دل کے بےحد قریب ہیں۔ میری دعائیں ان تمام افراد کے ساتھ ہیں جو اس صورتِ حال سے متاثر ہوئے ہیں۔ڈیرل مچل نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اپنی شرکت کو اپنے کیریئر کے اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل اور آئی پی ایل دونوں نے میرے کیریئر میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ میں ان دونوں ٹورنامنٹس میں گزارے ہوئے وقت کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میری دلی خواہش ہے کہ جلد امن قائم ہو تاکہ ہم دوبارہ وہ کھیل کھیل سکیں جس سے ہمیں محبت ہے، اور ان شاندار مداحوں کو کچھ واپس دے سکیں جو ہمیں بے لوث سپورٹ کرتے ہیں۔مچل نے اپنے بیان کے اختتام پر اُمید اور محبت کا پیغام دیا کہ گھر واپسی اور اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنا میرے لیے خوشی کی بات ہو گی، لیکن میں مستقبل میں ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کا دورہ کرنے کا منتظر ہوں — یہ وہ مقامات ہیں جہاں رہ کر مجھے ہر بار سکون اور محبت کا احساس ہوتا ہے۔”
ڈیرل مچل کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان سرحدی کشیدگی عروج پر ہے، اور ان کا یہ پُرامن پیغام دنیا بھر کے مداحوں کے لیے امید کی ایک کرن بن کر سامنے آیا ہے۔