Monday, May 12, 2025
Homeدنیاامریکی ایلچی کا ایران سے یورینیم کی افزودگی کی تنصیبات ختم کرنے...

امریکی ایلچی کا ایران سے یورینیم کی افزودگی کی تنصیبات ختم کرنے کا مطالبہ

واشنگٹن:امریکی خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ سٹیو وٹکوف نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یورینیم کی افزودگی کی تنصیبات کو ختم کردے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایران سینٹری فیوجز نہیں رکھ سکتا۔
جمعہ کو اپنے بیانات میں وٹکوف نے زور دیا کہ ایران کی جانب سے یورینیم کی افزودگی ہمارے لیے ریڈ لائن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس ایٹمی معاملہ پر امریکی شرائط قبول کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر اتوار کو ہونے والا اگلا دور نتیجہ خیز ثابت نہ ہوا تو ہم ایران کے ساتھ مذاکرات جاری نہیں رکھیں گے۔ امریکہ اور ایران اتوار کو تہران کے ایٹمی معاملہ پر اپنے مذاکرات دوبارہ شروع کریں گے۔
فریقین نے جمعہ کو تصدیق کی ہے کہ اس سلسلے کا چوتھا دور عمان کے دارالحکومت مسقط میں منعقد ہوگا جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خطے کے دورے سے چند روز قبل ہوگا۔
واشنگٹن میں مذاکرات کے عمل سے باخبر ایک ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وٹکوف اتوار کو مذاکرات کے چوتھے دور کے انعقاد کے لیے سلطنت عمان جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم براہ راست اور بالواسطہ بات چیت کی توقع کرتے ہیں۔
دوسری جانب وزیر خارجہ عباس عراقچی نے زور دے کر کہا کہ تہران نے مسقط میں اتوار 12 مئی کو ہونے والے اگلے دور کے انعقاد پر اتفاق کیا ہے۔ سلطنت عمان کئی ہفتوں سے ثالثی کی کوششیں کر رہا ہے۔ ایرانی میڈیا کی جانب سے نشر کی گئی ایک ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ ہمارے عمانی دوستوں نے اتوار کی تجویز پیش کی اور ہم نے اتفاق کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات آگے بڑھ رہے ہیں اور فطری طور پر جیسے جیسے ہم پیش رفت کرتے ہیں ہمیں مشاورت کرنے کی اتنی ہی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ وفود کو زیر بحث مسائل کا جائزہ لینے کے لیے اضافی وقت درکار ہوتا ہے۔ فریقین نے تین ادوار منعقد کیے ہیں جن میں سے ایک روم میں ہوا اور باقی دو مسقط میں ہوئے۔ چوتھا دور 3 مئی کو ہونا تھا، لیکن سلطنت عمان نے لاجسٹک وجوہات کی بنا پر اسے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ چوتھے دور کی نئی تاریخ امریکی صدر کے 13 سے 16 مئی کے درمیان خطے کے دورے سے پہلے 12 مئی کو طے کی گئی ہے۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments