Monday, May 5, 2025
Homeدنیامحمود عباس نے حسین الشیخ کو فلسطینی اتھارٹی کا نائب صدر مقرر...

محمود عباس نے حسین الشیخ کو فلسطینی اتھارٹی کا نائب صدر مقرر کر دیا

غزہ:فلسطین میں نائب صدر کے عہدے کی تشکیل کے چند روز بعد فلسطینی صدر محمود عباس نے ہفتے کے روز تنظیم آزادی فلسطین “پی ایل او” کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن حسین الشیخ کو تنظیم کی صدارت اور ریاست فلسطین کی صدارت کے لیے اپنا نائب مقرر کرلیا۔ تنظیم کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن واصل ابو یوسف نے بتایا ہے کہ صدر نے حسین الشیخ کو اپنا نائب نامزد کرلیا اور ایگزیکٹو کمیٹی نے اس کی منظوری دے دی ہے۔ یہ تقرری حسین الشیح کے لیے عباس کی جانشینی کی راہ ہموار کرے گی۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق ایگزیکٹو کمیٹی نے صدر محمود عباس کی جانب سے پیش کردہ نامزدگی کو متفقہ طور پر منظور کر لیا ہے۔ اگلے ہفتے کے روز ایک اور اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں ارکان میں سے ہی ایگزیکٹو کمیٹی کے لیے نئے سیکرٹری جنرل کا انتخاب کیا جائے گا۔
اجلاس میں کی گئی اپنی تقریر میں صدر محمود عباس نے تمام فلسطینی دھڑوں کے ساتھ پی ایل او کی ایگزیکٹو کمیٹی اور الفتح سنٹرل کمیٹی پر مشتمل ایک جامع قومی مذاکرات شروع کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ مذاکرات کا مقصد فلسطینی عوام کی واحد جائز نمائندہ تنظیم آزادی فلسطین (پی ایل او) کے فریم ورک کے اندر قومی مفاہمت اور اتحاد کو مضبوط بنانا ہے۔
فلسطین کی مرکزی کونسل کا بدھ اور جمعرات کو رملہ میں اجلاس ہوا اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان سے متعلق فلسطینی بنیادی قانون کے آرٹیکل 13 میں ترمیم کے بعد ایگزیکٹو کمیٹی کے نائب صدر کے عہدے کی تخلیق کی منظوری دی گئی تھی۔
فلسطینی مرکزی کونسل 188 ارکان پر مشتمل ہے۔ یہ فلسطینی سیاسی نظام کے اندر ایک طاقتور ادارہ ہے۔ یہ حماس اور اسلامی جہاد کو چھوڑ کر فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او ) میں نمائندگی کرنے والے فلسطینی دھڑوں کے نمائندوں پر مشتمل ہے۔ 89 سالہ عباس 2004 میں رہنما یاسر عرفات کی موت کے بعد سے پی ایل او اور فلسطینی اتھارٹی کی سربراہی کر چکے ہیں۔ انہوں نے برسوں سے کوئی اندرونی اصلاحات نہیں کی تھیں۔
فراس پریس کے مطابق حسین الشیخ عباس کے قریب ہیں اور ان کی عمر 64 سال ہے۔ وہ مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رملہ میں دیر طریف کے ایک مہاجر خاندان میں پیدا ہوئے تھے۔ فلسطینی جنرل اتھارٹی برائے شہری امور کے چیئرمین کی حیثیت سے اپنے دور میں وہ وزیر کے عہدے پر فائز رہے۔ یہ اتھارٹی فلسطینیوں کے روزمرہ کے معاملات میں اسرائیلی فریق کے ساتھ تعلقات کو منظم کرنے کی ذمہ دار ہے۔
۔2022 میں انہیں فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا سیکرٹری مقرر کیا گیا اور 2020 میں صائب عریقات کی موت کے بعد وہ اسرائیلی فریق کے ساتھ مذاکرات کے شعبے کے ذمہ دار رہے۔ فلسطینی صدر نے اس سے قبل حسین الشیخ کو بیرون ملک فلسطینی سفارتخانوں کی کمیٹی کا چیئرمین بھی مقرر کیا تھا۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments