
ریاض:سعودی عرب نے اپنے اس دعوے کا اعادہ کیا ہے کہ امن مشرق وسطیٰ کے لیے سٹریٹجک انتخاب ہے۔ سعودی عرب نے کہا ہے کہ علاقائی سلامتی کے لیے بین الاقوامی قانونی قراردادوں، عرب امن اقدام اور مشرقی القدس سمیت 1967 کی سرحد پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر مبنی مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کی تلاش کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ بات مصر کے دارالحکومت قاھرہ میں عرب لیگ کے 163 ویں وزارتی اجلاس میں سعودی نائب وزیر خارجہ ولید الخریجی کی شرکت کے دوران کی گئی۔
سعودی نائب وزیر خارجہ نے فلسطینی عوام کے لیے اپنے ملک کی حمایت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ قابض اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کا احترام کرنے اور ان جرائم کو روکنے کی ضرورت ہے جو وہ فلسطینی لوگوں کے خلاف کر رہا ہے۔
انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے بے گھر کرنے کے مطالبات کو مکمل طور پر مسترد کر دیا۔
انجینئر ولید الخریجی نے دو ریاستی حل کو آگے بڑھانے کے لیے “انٹرنیشنل کولیشن فار دی امپلیمنٹیشن آف دی ٹو سٹیٹ ریزولوشن” کے ذریعے شراکت دار اور دوست ممالک کے ساتھ سعودی عرب کے مسلسل رابطے کا حوالہ دیا۔
انہوں نے مشترکہ عرب اقدام کی اہمیت پر سعودی عرب کے زور اور مشترکہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے، ویژن کو متحد کرنے اور خطے میں سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے حصول کے لیے عرب ممالک کے درمیان تمام سطحوں پر ہم آہنگی برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔