
مکہ مکرمہ:رمضان المبارک کے تیسرے اور آخری عشرے کے آغاز کے ساتھ ہی مسجد حرام میں زائرین ، نمازیوں اور معتمرین کی تعداد میں غیرمعمولی اضافے کے ساتھ روزہ داروں کی عبادت میں عاجزی، خشوع اور انکساری کے مناظر ماحول کو اور بھی ایمان پرور بنا دیتے ہیں۔ دوسری جانب مسجد حرام میں عبادت کے لیے فول پروف مربوط نظام اور سیکورٹی سسٹم ضیوف الرحمان کی راحت اور حفاظت کے لیے ہمہ وقت فعال ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی طرف سے جاری کی گئی تصاویر میں مسجد حرام کے اندر نمازیوں کی عاجزی اور خشوع کو ظاہر کرتی ہیں، کیونکہ وہ اس مقدس ترین مقام میں پرسکون ماحول میں عبادت اور اطاعت سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
دنیا بھر سے آئے زائرین نے اپنے رب کے حضور مغفرت اور جہنم کی آگ سے خلاصی کی امید لیے پرنم آنکھوں کے ساتھ دست بہ دعا ہیں اور طواف کعبہ میں مشغول ہیں۔
مسجد حرام میں رمضان کے پہلے دس دنوں کے دوران تقریباً 25 ملین نمازیوں اور زائرین نے عبادت کی۔ اس موقعے پر ایک مربوط سروس سسٹم کے دوران صحن مطاف اور مسجد حرام کی راہ داریوں میں ھجوم کو منظم کرنے کے لیے 11000 سے زیادہ مرد اور خواتین ملازمین پر مشتمل عملہ چوکس رہا۔اس دوران 350 سعودی سپروائزر فیلڈ ورکس کی نگرانی کر رہے تھے۔