
موہالی : پنجاب پولیس نے بدھ کے روز کسان کارکن جگجیت سنگھ دلیوال اور کسان مزدور مورچہ کے سربراہ سرون سنگھ پنڈھر سمیت دیگر ممتاز مظاہرین کو اس وقت حراست میں لے لیا جب وہ موہالی میں بھوک ہڑتال کر رہے تھے۔ اس دوران کسانوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان اس وقت جھڑپیں ہوئیں جب کسان کھنوری اور شمبھو سرحدی پوائنٹس کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ کسان ان دونوں جگہوں پر 13 فروری 2024 سے احتجاج کر رہے تھے۔ معلومات کے مطابق شمبھو اور کھنوری دونوں مقامات پر تقریباً 3000 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
کسانوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے بعد کھنوری سرحد اور ملحقہ سنگرور اور پٹیالہ اضلاع میں انٹرنیٹ خدمات کو معطل کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب کے کئی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے۔
شمبھو بارڈر پر کسانوں کی طرف سے بنائے گئے رکاوٹوں کو پولیس نے بلڈوزر کا استعمال کرتے ہوئے توڑ دیا ہے۔ کسان رہنماؤں کی گرفتاری کے خلاف کسانوں نے امرتسر دہلی ہائی وے پر ٹول پلازہ کو بلاک کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری عوام سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔ انہیں پریشان نہ کیا جائے۔ بس کچھ ٹول پلازوں کو بلاک کرنا ہے اور حکومت سے اپنے غصے کا اظہار کرنا ہے۔
پولیس نے یہ کارروائی اس وقت کی جب وہ چنڈی گڑھ میں مرکزی حکومت کے وفد کے ساتھ میٹنگ میں شرکت کے بعد واپس آرہے تھے۔ اس کے ساتھ ہی پولس نے احتجاج کرنے والے کسانوں کو شمبھو اور کھنوری سرحدوں سے بھی ہٹا دیا۔
پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ چرنجیت سنگھ چنی نے کہا کہ “کسانوں پر ایک سازش کے تحت حملہ کیا جا رہا ہے، نہ صرف پنجاب بلکہ پوری کسان برادری کو آج ایک بڑے حملے کا سامنا ہے، آج (چنڈی گڑھ میں) ایک میٹنگ ہوئی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگلا دور 4 مئی کو ہوگا لیکن ان پر (کسانوں) پر پیچھے سے حملہ کیا گیا۔
اس کارروائی پر پٹیالہ کے ایس ایس پی نانک سنگھ نے کہا کہ کسان شمبھو بارڈر پر کافی دیر سے احتجاج کر رہے تھے۔ پولیس نے ڈیوٹی مجسٹریٹ کی موجودگی میں انہیں مناسب وارننگ دینے کے بعد علاقے کو کلیئر کرادیا۔ کچھ لوگوں نے گھر جانے کی خواہش ظاہر کی۔ اس لیے انہیں بس میں بٹھا کر گھر بھیج دیا گیا۔
ایس ایس پی نے کہا کہ اس کے علاوہ یہاں کے ڈھانچے اور گاڑیوں کو ہٹایا جا رہا ہے۔ پوری سڑک کو کلیئر کر کے ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ ہریانہ پولیس بھی اپنی کارروائی شروع کرے گی۔ ان کی جانب سے سڑک کھلتے ہی شاہراہ پر ٹریفک دوبارہ شروع ہو جائے گی۔ ہمیں کوئی طاقت استعمال کرنے کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ کوئی مزاحمت نہیں تھی۔ کسانوں نے خوب تعاون کیا اور وہ خود بسوں میں سوار ہو گئے۔
پنجاب پولیس کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ 250 سے زیادہ مظاہرین کو کھنوری سے، کچھ کو موہالی سے اور 110 کو شمبھو سے حراست میں لیا گیا۔