
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے تاج محل کے قریب بغیر اجازت فلائی اوور کی تعمیر پر یوپی ایس بی سی ایل کو پھٹکار لگائی، 5 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا۔ سپریم کورٹ نے تاج محل کے قریب بغیر اجازت فلائی اوور کی تعمیر کو آگے بڑھانے پر اتر پردیش اسٹیٹ بریج کارپوریشن لمیٹڈ کو سخت سرزنش کی ہے۔ عدالت نے کمپنی پر 5 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ منگل، 18 مارچ 2025 کو عدالت نے سماعت کے دوران ریاستی حکومت کے ادارے کے رویے پر حیرت کا اظہار کیا۔
عدالت نے یہ بھی پوچھا کہ بغیر اجازت درختوں کی کٹائی کیسے ممکن ہوئی؟ جسٹس ابھے اوکا اور جسٹس اُجول بھویّاں کی بنچ اس معاملے کی سماعت کر رہی تھی۔ عدالت نے فلائی اوور منصوبے کو آگے بڑھانے پر حیرت کا اظہار کیا، جس میں تاج ٹریپیزیم زون میں درختوں کی کٹائی اور ان کی دوسری جگہ منتقلی شامل ہے۔ سپریم کورٹ، ماحولیاتی ماہر ایم سی مہتا کی طرف سے تاج محل اور ٹی ٹی زیڈ میں نباتات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے دائر ایک زیر التوا عوامی مفاد کی درخواست پر مختلف عبوری درخواستوں کی سماعت کر رہی تھی۔
تاج ٹریپیزیم زون ایک خصوصی ماحولیاتی تحفظ کا علاقہ ہے، جو تقریباً 10400 مربع کلومیٹر پر محیط ہے۔ یہ زون اتر پردیش کے آگرہ، فیروز آباد، متھرا، ہاتھرس، ایٹا اضلاع اور راجستھان کے بھرت پور ضلع تک پھیلا ہوا ہے۔ جسٹس ابھے ایس اوکا نے سوال کیا: آپ ایک سرکاری ادارہ ہیں۔ آپ عدالت کے جاری کردہ احکامات سے واقف ہیں… پھر آپ ہماری پیشگی اجازت کے بغیر فلائی اوور کے منصوبے اور درختوں کی کٹائی کو کیسے آگے بڑھا سکتے ہیں؟
عدالت نے ہدایت دی کہ وہ نیشنل انوائرمینٹل انجینئرنگ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے اکاؤنٹ میں 5 لاکھ روپے جمع کرائے، اس سے پہلے کہ عدالت تقریباً 198 درختوں کی کٹائی سے متعلق درخواست پر غور کرے۔ سپریم کورٹ نے کہا: یہ ایک سرکاری کارپوریشن کے شایان شان عمل نہیں ہے۔ پہلے لازمی شجرکاری ہونی چاہیے، اس کے بعد ہی درختوں کی کٹائی یا منتقلی پر غور کیا جا سکتا ہے۔
عدالت نے ایک درخواست پر حکم جاری کرتے ہوئےاتھارٹی کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر اپنے افسران کو موقع پر بھیجے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کیا کوئی درخت کاٹے گئے ہیں یا یہ عمل جاری ہے؟ عدالت نے مزید کہا: ضرورت پڑنے پر پولیس سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ پولیس کی مدد سے اتھارٹی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ زمین پر درختوں کی کوئی کٹائی نہ ہو۔
سپریم کورٹ نے اتر پردیش جل نگم اور آگرہ میونسپل کارپوریشن کو حکم دیا کہ وہ ٹی ٹی زیڈ میں بغیر صاف کیے گئے یا جزوی طور پر صاف شدہ نالوں کے فضلے کو درست طریقے سے ٹریٹ کرنے کے لیے عدالت کے سابقہ احکامات پر مکمل عمل کریں۔ عدالت نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ نالوں کے مسئلے پر تعمیل حلف نامہ داخل کریں۔