Monday, March 10, 2025
Homeدنیاجوہری معاہدے پر بات چیت کے لیےامریکی صدر کا ایرانی قیادت کو...

جوہری معاہدے پر بات چیت کے لیےامریکی صدر کا ایرانی قیادت کو خط

واشنگٹن:امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر بات چیت کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے انہوں نے جمعرات کو ایران کی قیادت کو ایک خط بھی بھیجا ہے۔
صدر ٹرمپ کے بقول انہیں امید ہے کہ ایران کی قیادت بات چیت پر رضامند ہو جائے گی۔
صدر نے فوکس بزنس نیٹ ورک کو جمعے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ “میں نے کہا ہے کہ مجھے امید ہے کہ آپ بات چیت کریں گے کیوں کہ یہ ایران کے لیے بہت بہتر ہو گا۔”
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ ایران کی قیادت خط وصول کرنا چاہتی ہے۔ ان کے بقول دوسرا متبادل یہ ہے کہ ہمیں کچھ کرنا پڑے گا کیوں کہ آپ ایک اور جوہری طاقت کی اجازت نہیں دے سکتے۔
ایران کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے فوری طور پر اس معاملے پر کوئی ردِعمل نہیں آیا ہے۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق بظاہر یہ خط ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو لکھا گیا ہے۔ لیکن وائٹ ہاؤس کی جانب سے فوری طور پر اس کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران سے دو طریقوں سے نمٹا جا سکتا ہے، ایک فوجی طریقہ ہے دوسرا آپ ایک معاہدہ کرلیں۔ ان کے بقول وہ معاہدے کرنے کو ترجیح دیں گے کیوں کہ وہ ایران کو نقصان پہنچانا نہیں چاہتے۔ وہ اچھے لوگ ہیں۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنے پہلے دورِ صدارت میں سن 2018 میں ایران جوہری معاہدے سے دست برداری اختیار کرلی تھی۔ یہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنے کے لیے ایک کثیر الملکی معاہدہ تھا۔
اس سے قبل صدر ٹرمپ نے فروری میں کہا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ ایک ایسا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں جو اسے جوہری ہتھیار تیار کرنے سے روکے۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments