
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ہیرا گولڈ ایکزم پرائیویٹ لمیٹڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر نوہیرا شیخ کو سخت وارننگ دی ہے کہ اگر وہ 90 دنوں کے اندر سرمایہ کاروں کو 25 کروڑ روپے واپس نہیں کرتی ہیں تو انہیں جیل جانا پڑے گا۔ نوہیرا شیخ پر 5600 کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کا الزام ہے، جس میں انہوں نے لاکھوں سرمایہ کاروں سے رقم وصول کر کے انہیں دھوکہ دیا۔
ان کے خلاف متعدد ریاستوں میں مقدمات درج ہیں۔ جسٹس جے بی پردیوالا کی سربراہی میں قائم بنچ نے نوہیرا شیخ کے خلاف سخت رخ اپنایا اور کہا کہ وہ 11 نومبر 2024 سے عدالت کے حکم کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔ عدالت نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو ہدایت دی کہ اگر نوہیرا شیخ 90 دنوں کے اندر سرمایہ کاروں کو کم از کم 25 کروڑ روپے واپس نہیں کرتی تو انہیں فوراً گرفتار کر کے جیل بھیج دیا جائے۔
جسٹس پردیوالا نے مزید کہا ہم ملزم کو آخری موقع دے رہے ہیں کہ وہ تین ماہ کے اندر 25 کروڑ روپے جمع کرائیں، ورنہ ان کی ضمانت خود بخود منسوخ ہو جائے گی اور ای ڈی انہیں دوبارہ جیل بھیج دے گا۔ نوہیرا شیخ کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل نے عدالت میں کہا کہ ان کے پاس رقم موجود نہیں، تاہم ای ڈی نے عدالت کو بتایا کہ نوہیرا کی ملکیت میں متعدد جائیدادیں ہیں جنہیں ضبط کر لیا گیا ہے۔ جب ای ڈی نے ان سے وہ جائیدادوں کی فہرست مانگی جنہیں نیلام کیا جا سکتا ہے، تو ان کے وکیل نے اس بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
نوہیرا شیخ نے سرمایہ کاری اسکیموں کے تحت 36 فیصد منافع دینے کا وعدہ کیا تھا۔ ہیرا گولڈ ایکزم پرائیویٹ لمیٹڈ نامی کمپنی کے ذریعے، وہ زیورات اور سونے کے کاروبار کے نام پر سرمایہ کاروں سے بھاری رقوم وصول کرتی رہیں۔ ابتدائی طور پر، کمپنی نے کچھ سرمایہ کاروں کو منافع ادا بھی کیا، لیکن 2018 میں دھوکہ دہی کی کئی شکایات سامنے آئیں، جس کے بعد اکتوبر 2018 میں نوہیرا شیخ کو گرفتار کر لیا گیا۔ ہیرا گولڈ اسکینڈل میں نوہیرا شیخ کے خلاف تلنگانہ، آندھرا پردیش، مہاراشٹر، کرناٹک اور دہلی میں کئی کیسز زیر التوا ہیں۔
سیریس فراڈ انویسٹی گیشن آفس بھی اس کیس کی مکمل تحقیقات کر رہا ہے۔ نوہیرا شیخ نے ابھی تک صرف 3 جائیدادوں کی تفصیلات فراہم کی ہیں، جن میں سے دو تلنگانہ میں واقع ہیں اور ای ڈی انہیں نیلام کر سکتی ہے۔ تاہم، دیگر جائیدادوں کی مکمل تفصیلات ای ڈی کے ساتھ شیئر نہیں کی گئی ہیں، جس سے معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔
سپریم کورٹ کے سخت فیصلے کے بعد، نوہیرا شیخ کے پاس صرف 90 دنوں کا وقت ہے کہ وہ سرمایہ کاروں کے پیسے واپس کریں، ورنہ انہیں دوبارہ جیل بھیج دیا جائے گا۔ عدالت نے یہ بھی واضح کر دیا کہ اگر وہ رقم واپس کرنے میں ناکام رہیں، تو ان کی ضمانت خود بخود منسوخ ہو جائے گی اور ای ڈی کو ان کے خلاف سخت کارروائی کرنی ہوگی۔ یہ معاملہ بھارت کے سب سے بڑے مالیاتی گھوٹالوں میں سے ایک بن چکا ہے اور اس پر مستقبل میں بھی سخت قانونی کارروائی ہونے کی توقع ہے۔