Monday, March 10, 2025
Homeدنیاعرب رہنما فلسطین پر ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لیے قاہرہ پہنچنا...

عرب رہنما فلسطین پر ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لیے قاہرہ پہنچنا شروع

قاہرہ:پیر کے روز عرب رہنما مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچنا شروع ہو گئے جہاں وہ آج منگل کو فلسطین میں ہونے والی خطرناک پیش رفت پر بات کرنے کے لیے ہنگامی سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ عراق کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ ملک کے صدر عبداللطیف رشید غزہ کی پٹی اور فلسطینی علاقوں میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کے لیے عرب سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے قاہرہ پہنچے ہیں۔
بحرین کی شاہی عدالت نے اعلان کیا ہے کہ عرب سربراہی اجلاس کے موجودہ اجلاس کے صدر شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ پیر کو ہی مملکت چھوڑ کر مصر جا رہے ہیں۔ شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ مسئلہ فلسطین میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے سربراہی اجلاس میں شریک بحرین کے وفد کی سربراہی کریں گے اور سربراہی اجلاس کے کام کی صدارت بھی کریں گے۔ پیر کے روز کویت نیوز ایجنسی نے اطلاع دی کہ ملک کے امیر کے نمائندے مشعل الاحمد الجابر الصباح اور ولی عہد شہزادہ صباح خالد الحمد الصباح غیر معمولی عرب سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے مصر جا رہے ہیں۔
شام کے وزیر خارجہ اسعد الشیبانی ایک وفد کے ہمراہ پیر کو قاہرہ پہنچے ہیں جہاں وہ غیر معمولی عرب سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ شامی ایجنسی کے مطابق شام کے صدر احمد الشرع کی منگل کو ہونے والی سمٹ میں شرکت متوقع ہے۔
تونس کی وزارت خارجہ نے پیر کے روز ایک بیان میں بتایا کہ صدر قیس سعید نے وزیر خارجہ محمد النفطی کو سربراہی اجلاس میں اپنے ملک کے وفد کی سربراہی سونپی ہے۔ وہ قاہرہ میں ہونے وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
مصری انفارمیشن سروس کے مطابق پیر کو قاہرہ سربراہی اجلاس میں “مسئلہ فلسطین میں نئی اور خطرناک پیش رفت” پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سربراہی اجلاس میں “ایک متفقہ عرب فیصلے اور پوزیشن تک پہنچنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا، اس میں نقل مکانی کو مسترد کیا جائے گا۔ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے کی کوششوں کو روکنے کے لیے ضروری قانونی اور بین الاقوامی اقدامات کرنے کے لیے عرب اتفاق رائے پر زور دیا جائے گا۔ فلسطینیوں کو ان کی زمینوں سے بے دخل کیے بغیر غزہ کی تعمیر نو کے منصوبوں پر بات کی جائے گی۔
یاد رہے 25 جنوری سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ غزہ کے فلسطینیوں کو بے گھر کرنے اور انہیں مصر اور اردن جیسے پڑوسی ممالک میں منتقل کرنے کے منصوبے کو ترویج دے رہے ہیں۔ ٹرمپ کے اس موقف کو مصر اور اردن نے مسترد کردیا ہے۔ مصر نے فلسطینی کاز کو ختم کرنے کے خوف سے غزہ سے فلسطینیوں کو بے گھر کیے بغیر تعمیر نو کے ایک جامع عرب منصوبے کو تیار کیا ہے اور اسے آج منگل کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments