بستر: چھتیس گڑھ کے بستر ضلع میں ہفتہ کو ایک منی کارگو گاڑی الٹنے سے تین خواتین سمیت پانچ افراد کی موت ہو گئی۔ جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ حادثہ دوپہر کے وقت چندمیٹا گاؤں کے قریب اس وقت پیش آیا جب متاثرین کولنگ گاؤں میں ہفتہ وار بازار سے واپس آ رہے تھے۔اہلکار نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق منی کارگو گاڑی میں تقریباً تین درجن افراد سوار تھے۔ اس کا ڈرائیور گاڑی پر سے کنٹرول کھو بیٹھا جس کے بعد گاڑی سڑک سے پھسل کر الٹ گئی۔ انہوں نے کہا کہ تین خواتین سمیت پانچ افراد موقع پر ہی ہلاک اور تیس کے قریب زخمی ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ زخمیوں کو کولنگ کے بنیادی صحت مرکز میں داخل کرایا گیا ہے، جب کہ دیگر کا علاج دربھ کے ایک اسپتال میں کیا جا رہا ہے۔کلکٹر ایس۔ ہریش نے بتایا کہ چندمیٹا اور کولنگ گاؤں کے درمیان سڑک حادثہ کی اطلاع ملی تھی۔ دربھ پولیس حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ منی ٹرک پر بڑی تعداد میں گاؤں والے سفر کر رہے تھے۔ تیز رفتار منی ٹرک بے قابو ہو کر راستے میں الٹ گیا۔ مرنے والوں میں تین خواتین اور دو مرد شامل ہیں۔
چاروں دیہاتی چندمیٹا گاؤں کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں۔ کلکٹر ایس۔ ہریش نے کہا کہ واقعہ کی مکمل معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ زخمیوں کو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ زخمیوں میں 10 دیہاتیوں کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔ باقی گاؤں والوں کو معمولی چوٹیں آئیں۔ زخمیوں کا علاج سی آر پی ایف کیمپ میں موجود ڈاکٹروں نے کیا۔ بتدائی طبی امداد کے بعد شدید زخمیوں کو دیمرپال اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔