نئی دہلی:انڈیا الائنس نے راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی ہے۔ اپوزیشن اتحاد نے دھنکھر پر جانبدارانہ کام کرنے کا الزام لگایا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے کہا کہ تقریباً 60 ارکان پارلیمنٹ کے دستخط شدہ نوٹس راجیہ سبھا چیئرمین کے سکریٹریٹ کو دیا گیا ہے۔ انڈیا الائنس کی پارٹیاں آئین کے آرٹیکل 67 (بی) کے تحت تجویز پیش کریں گی۔ ٹی ایم سی، اے اے پی، ایس پی سمیت انڈیااتحاد کی تمام جماعتوں نے اس تجویز پر دستخط کیے ہیں۔
کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے کہا کہ راجیہ سبھا کے معزز چیئرمین کی طرف سے ایوان بالا کی کارروائی کے انتہائی متعصبانہ طرز عمل کی وجہ سے انڈیا گروپ کی تمام اتحادی جماعتوں کے پاس ان کے خلاف باضابطہ طور پر عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔انڈیا بلاک کی جماعتوں کے لیے یہ بہت تکلیف دہ فیصلہ رہا ہے لیکن پارلیمانی جمہوریت کے مفاد میں یہ بے مثال قدم اٹھانا ہوگا۔ یہ تجویز اب راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل کو پیش کر دی گئی ہے۔
ایک سینئر اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ چیئرمین کا طرز عمل ناقابل قبول ہے۔ وہ بی جے پی کے کسی بھی ترجمان سے زیادہ وفادار ظاہر ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔
آئین کے آرٹیکل 67(بی) میں کہا گیا ہے کہ نائب صدر کو راجیہ سبھا کی ایک قرارداد کے ذریعے اس کے عہدے سے ہٹایا جا سکتا ہے، جسے تمام اراکین کی اکثریت سے منظور کیا جاتا ہے اور لوک سبھا کی طرف سے اس کی منظوری دی جاتی ہے۔ لیکن کوئی بھی تحریک اس وقت تک پیش نہیں کی جائے گی جب تک کہ کم از کم 14 دن کا نوٹس نہ دیا گیا ہو جس میں ایسی تحریک پیش کرنے کا ارادہ ظاہر کیا گیا ہو۔
پیر کو حکمراں پارٹی اور اپوزیشن نے راجیہ سبھا میں مختلف ایشوز پر زبردست ہنگامہ کیا جس کی وجہ سے ایوان بالا کی کارروائی تقریباً 3 بجکر 10 منٹ پر دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ این ڈی اے کے ارکان نے کانگریس اور اس کے قائدین پر الزام لگایا کہ وہ غیر ملکی تنظیموں اور لوگوں کے ذریعہ ملک کی حکومت اور معیشت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور اس مسئلہ پر بحث کا مطالبہ کیا۔
اس کے ساتھ ہی کانگریس کی قیادت میں اپوزیشن نے اڈانی گروپ سے متعلق مسئلہ اٹھاتے ہوئے وزیر اعظم مودی اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ کئی کانگریس ممبران بشمول اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے نے پیر کو چیئرمین جگدیپ دھنکھر پر راجیہ سبھا کی کارروائی کے دوران متعصبانہ رویہ اپنانے کا الزام لگایا۔