یروشلم:اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ جاری ہے۔ اسرائیلی ایمبولینس سروس نے منگل کے روز بتایا کہ شمالی اسرائیل کے شہر نہاریہ میں لبنان سے میزائل فائر کیے جانے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔
ایک پیرامیڈیک نے کہا کہ “میزائل ایک گودام پر گرا۔ ہم نے دو آدمیوں کا طبی معائنہ کیا جو بے ہوش تھے اور شدید زخموں سے دوچار تھے”۔ انہوں نے مزید کہا کہ “ان کی چوٹیں بہت سنگین تھیں اور بعد میں ان کی موت واقع ہوگئی‘‘۔
دراین اثناء العربیہ/الحدث کے نامہ نگار نے اطلاع دی کہ ایک ڈرون شمالی اسرائیل کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد جنوبی حیفا تک گھوم رہا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق منگل کو تل ابیب کے ساحلی اور وسطی اسرائیل کے متعدد شہروں میں سائرن بجنے کی آوازیں سنائی گئیں۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے “لبنان سے میزائل فائر کیے جانے کے بعد وسطی اسرائیل کے کئی علاقوں میں سائرن کی آوازیں سنی گئیں”۔
فوج کا مزید کہنا ہے کہ “اسرائیلی فضائیہ نے لبنان سے داغے گئے تین پروجیکٹائل کو روک دیا”۔
بعد میں ایک الگ بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ “لبنان سے 10 پروجیکٹائل لانچ کیے گئے تھے۔ کچھ پروجیکٹائل کو روک لیا گیا تھا، جب کہ دیگر نہاریہ جے علاقے میں گرے تھے”۔
دریں اثناء حزب اللہ نے تل ابیب کے جنوب میں اسرائیلی فضائی اڈے پر “معیاری” میزائلوں سے بمباری کا اعلان کیا۔
حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ “منگل کو سہ پہر 04.45 پر مخصوص میزائلوں سے تل ابیب کے جنوب میں واقع تل نوف ایئر بیس کو نشانہ بنایا”۔