ریاض:بغیر لائسنس کے عمرہ اور حج کی سرگرمیوں میں ملوث غیر قانونی اداروں کی نگرانی اور ان کا مقابلہ کرنے کی مسلسل کوششوں کے ایک حصے کے طور پر مصر کی وزارت سیاحت اور نوادرات نے خلاف ورزی کرنے والی درجنوں سیاحتی کمپنیوں کو بند کرنے اوران کی املاک ضبط کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزارت سیاحت کی مرکزی انتظامیہ برائے سیاحتی کمپنیوں کی سربراہ سامیہ سامی نے وضاحت کی کہ منوفیا گورنری میں 12 غیر قانونی اداروں کو بند کر دیا گیا ہے۔انہوں نے ضروری لائسنس حاصل کیے بغیر حج اور عمرہ کی سرگرمیاں شروع کر رکھی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت اور نوادرات کے وزیر شریف فتحی کی ہدایت پر مرکزی انتظامیہ نے گذشتہ عرصے کے دوران عمرہ اور حج پروگرام چلانے والے غیر قانونی اداروں کی نگرانی اور کنٹرول کے لیے کمیٹیاں بھیج کر اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ موجودہ اشتہارات کی نگرانی کے لیے بہت سے سوشل میڈیا پیجز کو فالو کرتے ہوئے ان کی چھان بین کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ اور تحقیقات کے دوران دیکھا گیا کہ یہ ادارے شہریوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ بھاری رقم اکٹھا کر رہے ہیں اور غیر معیاری خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ پندرہ کمپنیوں کو دقہلیہ اور غربیہ گورنریوں ضروری لائسنس حاصل کیے بغیر حج و عمرہ ٹور آپریٹر سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا۔
وزارت سیاحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق کمیٹیوں کے انسپکٹرز نے گرفتار افراد کے خلاف قانونی اقدامات کیے۔ خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں اور اداروں کے خلاف اقدامات میں ان کے اثاثےضبط کرنے کی کارروائیاں شامل ہیں۔
وزارت داخلہ کے سیاحت اور نوادرات پولیس سیکٹر کو بھی ضروری کارروائی کرنے کے لیے ضبط شدہ غیر قانونی اداروں کے ہیڈ کوارٹرز کو بند کرنے کے جاری کیے گئے فیصلوں سے آگاہ کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ اگست میں مصر کے وزیر سیاحت اور نوادرات شریف فتحی نے حج اور عمرہ کے دوروں پر عمل درآمد کو منظم کرنے والے قوانین کی شقوں کی خلاف ورزی ثابت ہونے والی 36 سیاحتی کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔