بیروت:اسرائیل نے لبنان میں اپنے حملے تیز کر دیے ہیں۔ جمعہ کو اسرائیلی جنگی طیاروں نے لبنان کے متعدد علاقوں کو نشانہ بنایا۔ لبنانی سیکیورٹی ذرائع نے العربیہ اور الحدث کو بتایا ہے کہ وادی البقاع پر اسرائیلی حملوں میں 41 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایک اسرائیلی حملے نے مشرقی لبنان میں بعلبک کو نشانہ بنایا، خاص طور پر اھز اور حربتا کے قصبوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں 14 افراد چل بسے۔
اس کے علاوہ لبنان سے اسرائیلی بستیوں کی طرف تقریباً 30 میزائل داغے گئے۔ اسرائیلی میڈیا نے شمالی اسرائیل میں کرمیل کی طرف حزب اللہ کے میزائلوں سے لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع دی۔ حزب اللہ نے اعلان کیا کہ اس نے جمعہ کی صبح سویرے لبنان کے جنوب میں واقع قصبے خیام کے جنوب میں المسلخ کالونی میں ایک بڑے میزائل لانچر کے ساتھ اسرائیلی فوج کے ایک اجتماع کو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
جنوبی لبنان کے شہر صور میں سول ڈیفنس ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملے کی تصاویر سوشل میڈیا پر پھیلا دی گئی ہیں۔ لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اعلان کیا کہ آج صبح اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی قصبوں عیتیت اور وادی جیلو پر حملہ کردیا۔ اس حملے میں دکانیں تباہ ہو گئیں۔
اسرائیلی فوج نے الطیری قصبے اور جنوبی لبنان کے قصبوں الشہابیہ اور المجادل کے مضافات میں ایک مکان پر حملہ کیا اور جنوبی قصبے المجادل میں ایک مکان کو نشانہ بنایا۔ جنوبی شہر بنت جبیل پر بھی حملے کیے گئے۔ رات کے وقت لبنان کے پہاڑی علاقے القماطیہ قصبے پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔