سری نگر: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور اس دوران انہوں نے جموں وکشمیر میں حکومت تشکیل دینے کے لئے دعویٰ پیش کیا ملاقات کے بعد عمر عبداللہ نے کہا کہ بدھ کو حلف برداری کی تقریب ہوگی
جموں وکشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل کے لئے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے جمعے کی شام کو مرکزی زیر انتظام علاقے کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے راج بھون میں ملاقات کی ۔ معلوم ہوا ہے کہ ملاقات کے دوران عمر عبداللہ نے ممبران اسمبلی کا حمایتی خط منوج سنہا کو سونپا۔ ملاقات کے بعد نامہ نگاروںسے بات چیت کے دوران عمر عبداللہ نے کہا:راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ ملاقات کی جس دوران این سی ، کانگریس ، سی پی آئی ایم ، عام آدمی پارٹی اور آزاد امیدواروں کا حمایتی خط منو ج سنہا کے سپرد کیا۔‘ عمر عبداللہ نے کہاکہ ایل جی منوج سنہا سے گزارش کی کہ جلدازجلد حلف برداری کی تاریخ مقرر کی جائے تاکہ عوام کی چنی ہوئی سرکار جلد ازجلد اپنا کام کاج سنبھال سکے۔
حلف برداری کی تاریخ کے بارے میں جب عمر عبداللہ سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ اس میں کچھ وقت لگے گا۔ انہوں نے کہاکہ چونکہ ایل جی منوج سنہا کو کاغذات تیار کرکے راشٹریہ پتی بھون روانہ کرنے ہیں اور اس کے بعد ان کاغذات کو وزارت داخلہ بھیجا جائے گا اور اس میں دو تین دن کا وقت لگے گا۔ عمر عبداللہ نے کہا :’مجھے لگ رہا ہے کہ بدھوار کو حلف برداری کی تقریب منعقد ہو گی۔ ‘ حلف برداری کی تقریب میں کانگریس ہائی کمانڈ اور دوسری سیاسی پارٹیوں کے رہنماوں کی شرکت کے بارے میں پوچھے گئے اور ایک سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہاکہ اس بارے میں فاروق عبداللہ ہی کچھ کہہ سکتے ہیں۔