نئی دہلی: وزارت اقلیتی امور کے تحت حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے مقدس حج بیت اللہ 2025 کے لیے کمپیوٹر کے ذریعے خود کار انتخابی عمل سے قرعہ اندازی میں ریاست دہلی سے دو ہزار چھ سو نوے( 2690) عازمین حج کا انتخاب کیا گیا جبکہ 867 درخواست گذار عازمین کو ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا ہے –
حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ پر دہلی کی قرعہ اندازی مکمل ہونے کے بعد دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیر پرسن کوثر جہاں نے ایک خصوصی بیان جاری کرکے دہلی سے فریضہ حج بیت اللہ کی ادائیگی کے لیے منتخب ہو نے والے تمام عازمین حج کو مبارکباد پیش کی اور اس یقین کا اعادہ بھی کیا کہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی ہر سال کی طرح اس سال بھی نہ صرف دہلی کے عازمین حج بلکہ دہلی امبارکیشن سے روانہ ہونے والے تمام عازمین حج کو ہر قسم کی خدمات اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے پابند عہد ہے۔دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے دہلی کے منتخب عازمین حج کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ اس سال دہلی سے حج امیدواروں کی کل3557 درخواستوں میں سے منتخب ہو نے والے خوش نصیب عازمین کی تعداد2690 ہے۔ان میں عام زمرے میں2412جبکہ 65سال اور اس سے زائد عمر کے عازمین مع ایک ساتھی کی تعداد252ہے۔
اس سال دہلی سے45سال اور اس سے زیادہ عمر کی بغیر محرم کی خواتین کی تعداد65ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال دوران حج موسم کی شدت سے پیدا صورت حال کے پیش نظر اس برس دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی عازمین کے لیے قبل از وقت اور خصوصی تربیتی پروگرام کا اہتمام کرے گی۔ حج کمیٹی کی اطلاع کے مطابق تمام منتخب عازمین حج کو حج اخراجات کی پہلی قسط کی رقم130300/-روپے21اکتوبرتک حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ
www.hajcommittee.gov.in
یا اپنے بینک ریفرینس کے اندراج کے ساتھ اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک کی کسی بھی برانچ میں جمع کرانے کے بعد تمام مطلوبہ اورضروری دستاویز ات یعنی جمع کی گئی رقم کی رسید، بعد میں پاسپورٹ جمع کرنے کے لیے ایک حلف نامہ، میڈیکل سرٹیفکٹ، سفید پس منظر والی تازہ لی ہوئی2تصویر ،اپنا دستخط شدہ اور ایک فوٹو چسپاں کیا ہوا حج درخواست فارم وغیرہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر میں پیر سے جمعہ کے درمیان کام کے دنوں میں صبح دس بجے سے شام 5 بجے تک 23اکتوبر2024تک جمع کرانا ضروری ہے