غزہ:اسرائیلی فوج نے غزہ کے علاقے شجاعیہ میں ایک سکول کی عمارت پر حملہ کر کے کم از کم 15 فلسطینیوں کو ہلاک اور 29 کو زخمی کر دیا ہے ۔ اس امر کی اطلاع سول ایمر جنسی کے شعبے نے دی ہے۔ اسرائیل فوج کے ساتھ مختلف علاقوں میں لڑائی جاری ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ایک سکول میں قائم کیے گئے عسکری کیمپ کو نشانہ بنایا ہے۔ حماس اس سکول کو اپنے کمانڈروں اور جنگجووں کی ‘ ہائیڈ آؤٹ’ کے طور پر استعمال کرتی تھی۔
اسرائیل فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق ‘ سکول پر بمباری کرنے سے شہریوں کا جانی نقصان کم رکھنے کے لیے کئی اقدامات کیے گئے تھے۔ نگرانی اور اضافی انٹیلی جنس کا اہتمام کیا گیا ور محدود بارود کا استعمال کیا گیا۔’
تاہم اسرائیل فوج نے سکول پر بمباری کے حوالے سے کسی ہلاکت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ہے۔ صرف حماس پر الزام لگایا ہے کہ حماس جان بوجھ کرشہری استعمال کی عمارتوں کو عسکری مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ جبکہ حماس نے سکول کے عسکری مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی تردید کی ہے۔