تل ابیب:اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اگر اسرائیلی کارروائیوں کا جواب دینے کی کوشش کی گئی تو اسرائیل بھر پور کارروائی کرے گا۔ نیتن یاہو نے یہ بات حماس سربراہ کو تہران میں ہلاک کیے جانے اور حزب اللہ کے سینیئر کمانڈر فواد شکور کو بیروت میں مبینہ اسرائیلی کارروائیوں میں قتل کیے جانے کے بعد کہی ہے۔
نیتن یاہو نے کہا ‘ پچھلے چند دنوں میں حماس اور حزب اللہ کو ایران کی دیگر پراکسیوں سمیت کافی نقصان پہنچا ہے۔ تاہم انہوں نے براہ راست اسماعیل ھنیہ کی تہران میں ہلاکت کا ذکر نہیں کیا ہے۔
اس صورت حال میں اسرائیل سے بدلہ لینے کی بات شدت اختیار کر گئی ہے۔ تشویش پیدا ہوگئی ہے کہ ان اسرائیلی کارروائیوں سے جنگ اب غزہ تک محدود نہیں رہ سکے گی۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے اپنی کارروائیوں کے تناطر میں کہا ‘ اسرائیلی شہریوں کے لیے مشکل دن آرہے ہیں۔’
نیتن یاہو نے ایک ٹی وی بیان میں کہا ‘ بیروت میں اسرائیلی بمباری کے بعد ہر طرف سے انتقام کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ لیکن ہم بتانا چاہتے ہیں کہ ہر طرح کی صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اسرائیل کسی بھی میدان کے لیے تیار، متحد اور پر عزم ہے۔ ہمارے خلاف جارحیت کرنے والوں کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
یاد رہے اسرائیلی فوج نے منگل کے روز دیر گئے اعلان کیا تھا کہ اس نے بیروت میں حزب اللہ کمانڈر فواد شکور کو ہلاک کر دیا ہے۔ اسرائیل کے مطابق ہفتے کے روز مجدل شمس پر میزائل حملے کا یہی کمانڈر ذمہ دار تھا۔ حزب اللہ نے فواد شکور کو حسن نصراللہ کا مشیر بتایا ہے اور بدھ کے روز اس کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔
دوسری جانب تہران میں اسماعیل ھنیہ کے قتل کی بھی حماس نے تصدیق کر دی ہے۔ تاہم اسرائیل نے ابھی تک حماس رہنما کے قتل کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔