Monday, December 23, 2024
Homeدنیااہل غزہ کو بے گھر نہیں کرنا چاہتے: نیتن یاھو کا امریکی...

اہل غزہ کو بے گھر نہیں کرنا چاہتے: نیتن یاھو کا امریکی گانگریس میں خطاب

واشنگٹن:اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے امریکی کانگریس کے سامنے ایک تاریخی تقریر میں کہا ہے کہ تل ابیب غزہ کی پٹی کے باشندوں کو بے گھر کرنے کی کوشش نہیں کر رہا۔ اگر حماس ہتھیار ڈال دے تو غزہ جنگ ختم ہو جائے گی۔ نیتن یاھو دورہ امریکہ کے دوران اپنی فوجی کارروائیوں کے لیے واشنگٹن کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نیتن یاھو نے کہا کہ سات اکتوبر کو حماس کا حملہ 11 ستمبر کے واقعات سے 20 گنا بڑا تھا۔ غزہ کی جنگ حماس کے ہتھیار ڈالنے سے ختم ہو جائے گی۔ ہمیں اپنے اہداف کے حصول کے لیے امریکہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تل ابیب حماس کے زیر حراست 135 یرغمالیوں کو واپس لایا ہے۔
انہوں نے حاضرین کی تالیوں میں مزید کہا کہ میں آپ کو ایک چیز کا یقین دلانے آیا ہوں اور وہ یہ ہے کہ ہم جیتیں گے۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ یرغمالیوں کی واپسی کی پرامن کوششیں کامیاب ہوں گی۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ تمام یرغمالیوں کی بازیابی تک تل ابیب مطمئن نہیں ہوگا۔ انہوں نے امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مشن کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے ہمیں جلد ہتھیار دئیے جائیں۔
غزہ کی المناک انسانی صورتحال کے متعلق انہوں نے کہا کہ غزہ میں بھوک حماس کی طرف سے انسانی امداد کی چوری کی وجہ سے ہے۔ حماس جنگ کے خاتمے کے لیے ہم پر دباؤ ڈالنے کے لیے جھوٹ بول رہی ہے۔ ہم غزہ کے لوگوں کو بے گھر کرنے کی کوشش نہیں کر رہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں غزہ کو فلسطینی سول انتظامیہ کے زیر انتظام چلنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ غزہ کا انتظام ایسے فلسطینیوں کے زیر انتظام ہونا چاہیے جو اسرائیل کو تباہ نہیں کرنا چاہتے۔
نیتن یاہو نے مزید کہا کہ اسرائیل کو چاہیے کہ غزہ پر سکیورٹی کنٹرول برقرار رکھے اور جنگ کے اگلے ہی دن عسکریت پسندی کو ختم کر دے۔ اگر حماس ہتھیار ڈال دیتی ہے تو غزہ کی جنگ ختم ہو جائے گی۔
مزید برآں نیتن یاہو نے الزام لگایا کہ کہ ایران امریکہ میں ہونے والے مظاہروں کی مالی معاونت کر رہا ہے۔ ایران اسرائیل اور خطے کے ممالک کو دھمکی دیتا ہے۔ کانگریس کے باہر ہونے والے مظاہروں پر تبصرہ کرتے ہوئے نیتن یاہو نے مظاہرین کو مخاطلب کرتے ہوئے کہا کہ تم احمق ہو اور سرکاری طور پر ایران کے ہاتھ میں کھلونا بن گئے ہو ۔
بنیامین نیتن یاہو کے کانگریس میں پہنچنے سے قبل ہی غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی طرف سے چھیڑی جانے والی جنگ کے خلاف ہزاروں مظاہرین کیپیٹل کی عمارت کے قریب جمع ہوئے۔ مظاہرین میں سے کچھ نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ نیتن یاہو پیر کو واشنگٹن پہنچے تھے۔ یہ دورہ غزہ میں جنگ کے انتظام کے حوالے سے کچھ امریکی قانون سازوں میں احتجاج اور عدم اطمینان کے درمیان ہوا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کو حماس کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کے لیے اندرونی دباؤ کا سامنا ہے جس سے غزہ میں قیدیوں کی رہائی ممکن ہو گی۔
یاد رہے کہ حماس نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر اچانک غیر متوقع حملہ کردیا اور 1194 اسرائلیوں کو ہلاک کردیا تھا۔ اسی دن سے اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر بمباری شروع کردی اور 27 اکتوبر کو زمینی کارروائی شروع کردی۔ اب تک 39 ہزار سے زیادہ فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments