دبئی:لبنانی حزب اللہ کے ساتھ شمال میں جاری محاذ آرائی اور غزہ کی پٹی میں جنگ کے نویں مہینے میں بھی جاری رہنے کے نتیجے میں اسرائیل میں بجلی کی بندش کا خدشہ پیدا ہونے کے تناظر میں اسرائیل کے وزیر توانائی ایلی کوہن نے یقین دلایا ہے ملک میں بجلی کی طویل بندش کا امکان نہیں ہے۔
انہوں نے پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر ایک ویڈیو بیان میں تصدیق کی کہ وزارت تمام حالات کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت نے تمام اسرائیلیوں کے لیے توانائی کی باقاعدہ فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اربوں خرچ کیے ہیں۔
وزیر توانائی ایلی کوہن نے زور دیا کہ ان کا ملک مختلف ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسرائیل گیس ، ایندھن اور کوئلے کے ذخائر کے ساتھ ساتھ قابل تجدید توانائی سے بھی بجلی پیدا کر سکتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ توانائی کے ذرائع خفیہ اور محفوظ جگہوں پر پھیلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے حزب اللہ کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیل میں گھنٹوں بجلی بند رہی تو لبنان میں مہینوں تک بجلی منقطع رہے گی۔
واضح رہے حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ نے بدھ کو طالب عبداللہ کی یادگاری تقریب میں تقریر کے دوران اسرائیلی فوج کو متعدد دھمکیاں دی تھیں۔ حزب اللہ کے سرکردہ رہنما طالب عبد اللہ کو گذشتہ ہفتے مار دیا گیا تھا۔ حسن نصر اللہ نے کہا کہ ان کی جماعت اسرائیل کے تمام مقامات پر حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ہمارے پاس بہت سے نئے ہتھیار اور جنگجو بھی موجود ہیں۔
انہوں نے اسرائیل کے جنوبی لبنان میں حملے بڑھنے کی صورت میں فضائی، سمندری اور زمینی حملوں کی دھمکی دی۔ اسرائیلی فوج نے منگل 18 جون کو کہا تھا کہ اس نے ضرورت پڑنے پر لبنان میں توسیعی کارروائی کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔