حیدرآباد:تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے سربراہ چندرابابو نائیڈو آج آندھرا پردیش کے وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیں گے۔ نائیڈو صبح 11:27 بجے وجئے واڑہ کے کیسرپلی آئی ٹی پارک میں حلف لینے والے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو چوتھی بار ریاست کے وزیر اعلیٰ بنیں گے۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی شرکت کریں گے۔ وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر صحت جے پی نڈا پروگرام میں شرکت کے لیے وجئے واڑہ پہنچ گئے ہیں۔
نائیڈو کے علاوہ پون کلیان سمیت 25 ایم ایل اے وزراء کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ آندھرا پردیش اسمبلی کی رکنیت (175) کے مطابق کابینہ میں چیف منسٹر سمیت 26 وزراء ہوسکتے ہیں۔ پون کلیان کو ڈپٹی سی ایم بنایا جا سکتا ہے۔ چندرابابو نائیڈو کے بیٹے نارا لوکاش بھی اس میں شامل ہیں۔ آندھرا پردیش میں ٹی ڈی پی-پون کلیان کی جناسینا اور بی جے پی نے مشترکہ طور پر الیکشن لڑا تھا۔ این ڈی اے کو 164 اسمبلی سیٹیں ملی ہیں۔ ان میں سے ٹی ڈی پی کو 135، جناسینا پارٹی کو 21 اور بی جے پی کو 8 سیٹیں ملی ہیں۔
قبل ازیں آندھرا پردیش کے گورنر عبدالنذیر نے نائیڈو کو آندھرا پردیش میں حکومت بنانے کی دعوت دی۔ این ڈی اے قائدین کی درخواست کے بعد گورنر ایس۔ عبدالنذیر نے نائیڈو کو حکومت بنانے کی دعوت دی۔
چندرا بابو نائیڈو نے منگل کو این ڈی اے کے ایم ایل ایز سے خطاب کیا۔ نائیڈو نے کہا کہ انہوں نے جنوبی ریاست کے لیے مرکزی حکومت سے تعاون طلب کیا ہے اور اس کے لیے ‘یقین دہانی‘‘ دی گئی ہے۔ انہوں نے عہد کیا کہ امراوتی آندھرا پردیش کی واحد راجدھانی ہوگی اور پولاورم پروجیکٹ کو مکمل کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ بندرگاہی شہر وشاکھاپٹنم کو اقتصادی دارالحکومت اور ایک اعلیٰ خصوصی شہر کے طور پر تیار کیا جائے گا۔ ٹی ڈی پی سربراہ نے حالیہ انتخابات میں این ڈی اے کی زبردست جیت کو بے مثال قرار دیا۔ نائیڈو کے مطابق اس سے پہلے وہ کئی انتخابات کا جائزہ لے چکے ہیں لیکن 2024 کے انتخابات نے انہیں سب سے زیادہ اطمینان بخشا ہے۔