نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی تیسری بار حلف لینے کے بعد آج اپنے دفتر پہنچے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج نئی دہلی میں وزیر اعظم کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ تیسری بار وزیر اعظم کے طور پر حلف لینے کے بعد، وزیر اعظم نریندر مودی نے پی ایم کسان ندھی کی 17 ویں قسط جاری کرنے کے لیے اپنی پہلی فائل پر دستخط کیے۔ اس سے 9.3 کروڑ کسانوں کو فائدہ پہنچے گا اور تقریباً 20000 کروڑ روپے تقسیم کیے جائیں گے۔
مسلسل تیسری بار حلف اٹھانے کے بعد پی ایم مودی نے ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے ریکارڈ کی برابری کر لی ہے۔
اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو دہلی میں کابینہ کے وزیر اور بی جے پی لیڈر امیت شاہ سے ملاقات کی اور انہیں مرکزی وزیر کے طور پر حلف لینے پر مبارکباد دی۔ آپ کو بتا دیں کہ کل نریندر مودی نے مسلسل تیسری بار وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیا۔
محکموں کی تقسیم پر سب کی نظریں ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی کل مسلسل تیسری بار اپنے عہدے کا حلف لینے کے بعد پیر کی صبح ساؤتھ بلاک میں وزیر اعظم کے دفتر پہنچے۔ حکومت بننے کے بعد اب سب کی نظریں محکموں کی تقسیم پر لگی ہوئی ہیں۔ اتوار کی رات راشٹرپتی بھون میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں پی ایم مودی کے ساتھ، 30 کابینی وزراء، آزاد چارج کے ساتھ پانچ وزرائے مملکت اور 36 وزرائے مملکت نے بھی حلف لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کا پہلا اجلاس آج سہ پہر ہو سکتا ہے۔ حلف لینے کے بعد پی ایم مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ وہ ملک کے 140 کروڑ عوام کی خدمت کرنے اور ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے اپنی وزراء کونسل کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ ہم لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔