نئی دہلی: مغربی بنگال، اتراکھنڈ اور ہریانہ میں شہریت (ترمیمی) رول (سی اے اے) 2024 کے تحت شہریت کا سرٹیفکیٹ دینے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
مرکزی وزارت داخلہ نے بدھ کو کہا کہ اس عمل کے تحت تین ریاستوں سے موصول ہونے والی درخواستوں کے پہلے گروپ کو بدھ کے روز شہریت کا سرٹیفکیٹ فراہم کیا گیا۔
یہ سرٹیفکیٹ ریاستوں کی بااختیار کمیٹیوں نے فراہم کیے ہیں۔
اس سے قبل، 15 مئی کو، مرکزی داخلہ سکریٹری نے نئی دہلی میں شہریت (ترمیمی) قواعد، 2024 کے نوٹیفکیشن کے بعد دہلی بااختیار کمیٹی کے ذریعہ فراہم کردہ شہریت کے سرٹیفکیٹ کا پہلا سیٹ درخواست دہندگان کو حوالے کیا تھا۔
حکومت نے 11 مارچ 2024 کو شہریت (ترمیمی) قواعد 2024 کو مطلع کیا تھا۔ ضوابط میں درخواست کا طریقہ، درخواستوں کو ضلعی سطح کی کمیٹی (ڈی ایل سی) کے ذریعے جانچ پڑتال کا طریقہ کار اور ریاستی سطح کی بااختیار کمیٹی (ای سی) کے ذریعے جانچ پڑتال کے بعد شہریت دینے کے طریقے متعین کئے گئے ہیں۔ درخواستوں کی جانچ مکمل طور پر آن لائن پورٹل کے ذریعے کی جاتی ہے۔ ان قوانین کے تحت پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے آئے ہندو، سکھ، جین، بدھ، پارسی اور عیسائی برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں جو مذہب کی بنیاد پر ظلم و ستم کا شکار ہو کر یا اس کے خوف سے 31 دسمبر 2014 تک ہندوستان میں داخل ہوئے تھے۔