– ریاض:سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے عبوری وزیر خارجہ علی باقری کنی کے ساتھ ٹیلیفون پر بات چیت کی۔
فون پرگفتگو کے دوران سعودی وزیر خارجہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی اور عزت مآب ایرانی وزیر خارجہ جناب حسین امیر عبداللہیان اور ان کے ساتھیوں کےہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال پر گہرے دکھ، تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں سعودی عرب ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ ہے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر ایران کے شمال مغرب میں واقع مشرقی آذربائیجان صوبے میں اتوار کی شام ایک ناہموار علاقے میں گرکر تباہ ہوگیا تھا۔ خراب موسم کی وجہ سے اس کے ملبے کی تلاش میں شدید دشواری پیش آئی اور بارہ گھنٹے کے بعد اس کا ملبہ تلاش کیا گیا تھا۔ اس حادثےمیں صدر رئیسی اور وزیرخارجہ عبداللہیان سمیت ہیلی کاپٹرمیں سوار سات افراد کی موت کی تصدیق کردی گئی تھی۔