نئی دہلی:عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر سخت نشانہ لگایا۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ 4 جون کو بی جے پی کی حکومت نہیں بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ 4 جون کو انڈیا الائنس اپنے طور پر 300 سے زیادہ سیٹیں حاصل کرنے والا ہے۔
اروند کیجریوال نے کہا، ‘کل امت شاہ جی نے دہلی آکر ملک کے لوگوں کو گالی دی۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے حمایتی پاکستانی ہیں۔ میں پوچھتا ہوں کہ جن لوگوں نے دہلی میں 62، پنجاب میں 92، گجرات میں 5 اور گوا میں 2 سیٹیں دی ہیں وہ سب پاکستانی ہیں؟
دہلی کے سی ایم نے کہاکہ امت شاہ جی، وزیراعظم نے آپ کو اپنا وارث منتخب کیا ہے۔ آپ ابھی تک وزیراعظم نہیں بنے اور نہ بنیں گے۔ کل یوگی جی نے بھی دہلی آکر مجھے گالی دی، جب کہ آپ کے دشمن آپ کی پارٹی میں ہی ہیں۔ آپ کو یوپی سے ہٹانے کی تیاریاں چل رہی ہیں۔ مجھے گالی دینے کا کوئی فائدہ نہیں۔ بھارت میں 4 جون کو مخلوط حکومت قائم ہو رہی ہے۔ ملک بچانے کے لیے انڈیا اتحاد کو ووٹ دیں۔