لکھنؤ:ملک کے وزیر دفاع اور بی جے پی امیدوار راج ناتھ سنگھ نے آج اتر پردیش کی لکھنؤ لوک سبھا سیٹ سے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ اس سے پہلے انہوں نے لکھنؤ کے ہنومان سیتو مندر میں پوجا کی اور پھر روڈ شو کیا۔ وہ تیسری بار لکھنؤ سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
راجناتھ سنگھ کے ساتھ سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ، اتراکھنڈ کے سی ایم پشکر دھامی، ڈپٹی سی ایم برجیش پاٹھک، ریاستی صدر بھوپیندر چودھری اور میئر سشما کھڑکوال نے نامزدگی کے جلوس میں حصہ لیا۔ آپ کو بتا دیں کہ سماج وادی پارٹی نے اس سیٹ سے رویداس مہروترا کو میدان میں اتارا ہے۔ لکھنؤ میں لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے میں 20 مئی کو ووٹنگ ہوگی۔
راجناتھ سنگھ ایک بڑی بھیڑ کے ساتھ رتھ پر سوار ہو کر کلکٹریٹ پہنچے۔ نامزدگی پروگرام کے سلسلے میں اتوار سے میٹنگ کے ذریعہ تمام عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایات دی گئیں۔
معلومات کے مطابق راجناتھ سنگھ دوپہر 12 بجے کے قریب کلکٹریٹ پہنچیں گے اور اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ اس سے پہلے کئی مقامات پر راج ناتھ سنگھ کا استقبال کیا گیا۔ قابل ذکرہے کہ جلوس کے سلسلے میں ڈپٹی سی ایم برجیش پاٹھک نے سماجی، کاروباری، مذہبی تنظیموں کے عہدیداروں کے ساتھ ساتھ اپنے کارکنوں کے ساتھ میٹنگ کی اور نامزدگی کو یادگار بنانے کی ہدایت دی۔