نئی دہلی:دہلی سے حج کے لیے جانے والے عازمین کے لیے ہر طرح کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ عازمین حج کاپہلاقافلہ 9 مئی کو دہلی سے روانہ ہوگا۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کے مطابق حج سفر 2024 اگلے مہینے کی 25 تاریخ تک جاری رہے گا۔ پہلے مرحلے میں دہلی سے کل 16500 عازمین حج روانہ ہوں گے، جس میں دیگر ریاستوں کے ساتھ دہلی کے 3200 عازمین حج بھی شامل ہیں۔
حج سے قبل اتوار کو جامعہ ہمدرد یونیورسٹی کے کنونشن ہال میں حج تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ جہاں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے حج پر جانے والے عازمین کو مبارکباد دی اور انہیں حج سے متعلق جانکاری دی۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی عازمین حج کی سہولت کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں عازمین کے قیام کے لیے ایئر کنڈیشنڈ حج کیمپ بنا رہی ہے۔ اس کے لئے دہلی حکومت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ریونیو اشونی کمار کی صدارت میں حال ہی میں دہلی سکریٹریٹ کے آڈیٹوریم میں مختلف متعلقہ محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ حج انتظامات پر ایک میٹنگ کا اہتمام کیا گیا۔ دہلی پولیس، ایم سی ڈی، دہلی ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ وغیرہ کے افسران نے بھی شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ حج کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کے لیے اب تک مختلف سطحوں پر کئی میٹنگز کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔ ان میں اقلیتی امور کی وزارت، حج کمیٹی آف انڈیا، وزارت شہری ہوا بازی اور ایئرپورٹ اتھارٹی کی میٹنگیں شامل ہیں۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے حج منزل مسجد درگاہ فیض الہی، رام لیلا میدان اور آئی جی آئی ایئرپورٹ پر اعلیٰ سطح پر تمام قسم کی سہولیات فراہم کرنے کے انتظامات کیے ہیں۔ عازمین حج کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنے دیا جائے گا۔
جامعہ نگر کے علاوہ مصطفی آباد، ویلکم اور جنک پوری وغیرہ علاقوں میں بھی عازمین حج کے لیے حج تربیتی پروگرام منعقد کیے گئے ہیں۔ دریں اثنا، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے کہا کہ دہلی حکومت کے ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم حج کے مقام پر کام کر رہی ہے تاکہ حج پر جانے والے عازمین کو مختلف قسم کی ویکسین لگائی جا سکے۔ 26 اپریل سے حاجیوں کو علاقے کے لحاظ سے ٹیکے لگائے جا رہے ہیں۔