اسلام آباد:سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطے میں پاکستان کے لیے اپنے ملک کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
ہفتے کو ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں۔
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد ان کی جانب سے بھیجے گئے تہنیتی پیغامات پر بھی شکریہ ادا کیا۔
رپورٹ کے مطابق شہباز شریف نے اس موقعے پر خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت و تندرستی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا بھی اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام سعودی فرمانروا اور ولی عہد سے بے پناہ محبت اور احترام کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے سعودی قیادت کے ساتھ ساتھ سعودی عوام کو بھی رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی مبارک باد دی اور دعا کی کہ یہ مقدس مہینہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے امن اور خوشحالی لائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی، گہرے اور برادرانہ تعلقات پر فخر ہے اور دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
انہوں نے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر سعودی عرب کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ان کے پرتپاک استقبال کے منتظر ہیں۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم کے نیک جذبات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ملکوں میں قریبی تعلقات ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کے لیے اپنے ملک کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔