کولکاتا:ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) اتوار (10 مارچ) کو کولکتہ کے بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ میںجن گرجن سبھا کے ساتھ اپنی 2024 لوک سبھا انتخابی مہم کا آغاز کرے گی۔ اس دوران، ٹی ایم سی سپریمو ممتا بنرجی ریاست کی تمام 42 سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کریں گی۔ اس کے ساتھ یہ بھی واضح ہو گیا ہے کہ ٹی ایم سی ریاست میں اکیلے الیکشن لڑے گی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پارٹی اپنے امیدواروں کی فہرست کا اعلان بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ میں ایک بڑے عوامی جلسے میں کر رہی ہے۔ ریلی سے پہلے ممتا بنرجی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا۔ اس ویڈیو میں انہوں نے لوگوں سے ریلی میں شامل ہونے کی اپیل کی۔ ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھاکہبنگال کے صبر اور شائستگی کو اس کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔
ابھی تک کسی قومی اپوزیشن لیڈر کے ریلی میں موجود ہونے کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ جلسے میں پارٹی اپنے ہی قومی رہنما لے کر آئے گی، یہ رہنما عوام کا جوش بڑھانے کے لیے اسٹیج پر موجود ہوں گے۔ ان لیڈروں میں رپن بورا اور سشمیتا دیو، مکل سنگما، للتیش راجیش ترپاٹھی، کیرتی آزاد، شتروگھن سنہا، ساکیت گوکھلے اور ساگاریکا گھوش شامل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ پارٹی نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے اسی طرح کی ریلی کا انعقاد کیا تھا۔ تاہم، اس وقت عام آدمی پارٹی کے اروند کجریوال، ٹی ڈی پی کے چندرابابو نائیڈو، جے ڈی ایس کے ایچ ڈی کمارسوامی سمیت تقریباً 20 قومی اپوزیشن لیڈروں نے ریلی میں شرکت کی تھی۔