نئی دہلی:ایک مختصر مگر منفرد تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ گوشت کے بجائے زیادہ تر سبزیاں اور پھل کھانے والے افراد میں امراض قلب ہونے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔
ساتھ ہی تحقیق سے معلوم ہوا کہ مکمل طور پر گوشت کو نظر انداز کرنا بھی صحت کے لیے مسائل پیدا کر سکتا ہے لیکن زیادہ گوشت کھانا سنگین پیچیدگیوں کا سبب بن سکتا ہے۔
ماہرین نے پھل، سبزیوں، گوشت اور درمیانے درجے کے گوشت کھانے کے صحت پر پڑنے والے اثرات کے لیے تحقیق کی، جس سے معلوم ہوا کہ پھل اور سبزیوں کا زیادہ استعمال امراض قلب سے بچانے میں مددگار ہوتا ہے۔
طبی جریدے بی ایم سی نیوٹریشن میں شائع تحقیق کے مطابق ماہرین نے 25 سے 45 سال کی عمر کے 94 افراد پر تحقیق کی۔
ماہرین نے تمام افراد کو تین مختلف گروپس میں تقسیم کیا اور انہیں ایک سال تک مختلف غذائیں کھانے کی ہدایات کی گئیں۔
ایک گروپ کو صرف سبزیاں اور پھل کھانے کا کہا گیا، دوسرے گروپ کو سبزیوں کے ساتھ انتہائی کم مقدار میں گوشت کا استعمال کرنے کا کہا گیا جب کہ تیسرے گروپ کو گوشت کا زیادہ استعمال کرنے کا کہا گیا۔
ماہرین نے تحقیق سے قبل تمام رضاکاروں کے بلڈ ٹیسٹ کرنے سمیت ان سے مختلف سوالات بھی کیے اور تحقیق کے بعد اسی عمل کو دہرایا۔
تحقیق مکمل ہونے کے بعد تمام رضاکاروں کے کیے جانے والے ٹیسٹس سے معلوم ہوا کہ پھل اور سبزیاں زیادہ استعمال کرنے والے افراد میں کولیسٹرول کی سطح بہتر تھی، ان کا بلڈ شوگر بھی اچھا تھا۔
اسی طرح سبزیوں کے ساتھ یومیہ 50 گرام کی مقدار کا گوشت استعمال کرنے والے افراد میں بھی کولیسٹرول سمیت بلڈ پریشر اور بلڈ شوگر کی سطح بہتر تھی۔
تاہم زیادہ گوشت استعمال کرنے والے افراد میں کولیسٹرول کی سطح بھی زیادہ پائی گئی جب کہ ان میں بلڈ پریشر اور بلڈ شوگر کی سطح بھی زیادہ ملی، جو کہ امراض قلب بڑھانے کا سبب بنتے ہیں۔
ماہرین نے تجویز دی کہ زیادہ تر پھل، سبزیاں اور انتہائی کم مقدار میں گوشت کا استعمال کیا جانا چاہئیے، تاہم ساتھ ہی کہا کہ مذکورہ معاملے پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
ماہرین کے مطابق گوشت کا زیادہ استعمال یعنی یومیہ 50 گرام سے زیادہ گوشت کا استعمال کولیسٹرول بڑھانے سمیت بلڈ پریشر کو بھی بڑھا سکتا ہے اور اس سے وزن میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے جو کہ امراض قلب کے اسباب ہوتے ہیں۔